نئی دہلی: (ویب ڈیسک) انڈین حکومت نے کورونا کی پریشانیوں میں گھری عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ چارمئی سے لے کر اب تک 19 دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ باقی 15 دنوں میں قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس دوران دہلی میں پٹرول 4.63 روپے اور ڈیزل 5.22 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔
حالیہ اضافہ ملک کے چار شہروں میں کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں ستائیس پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں اکتیس پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی میں پٹرول کی قیمتیں بالترتیب 95.03 روپے اور 101.25 روپے فی لیٹر ہو گئی ہیں۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اتوار کے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی بم گرایا۔ ممبئی میں پٹرول 101 روپے اور دہلی میں 95 روپے فی لیٹر کو عبور کر چکا ہے۔
اس کے علاوہ کولکتہ میں پٹرول 26 پیسے مہنگا ہو کر 95.02 روپے اور ڈیزل 29 پیسے اضافے سے 88.80 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔
چنئی میں پٹرول کی قیمت میں 24 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 28 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ وہاں ایک لیٹر پٹرول 96.47 روپے اور ایک لیٹر ڈیزل 90.66 روپے میں ملے گا۔
خیال رہے کہ انڈیا میں پٹرولیم مصنوعات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنا پر روزانہ صبح 6 بجے سے نئی قیمتوں پر عملدرآمد ہوتا ہے۔