اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کہ رہنما سینیٹر شیری رحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ پیٹرول بحران کے پیچھے حکومت تھی، رپورٹ نے حکمرانوں کی نااہلی بے نقاب کی، عوام سے لوٹے گئے اربوں روپے کا حساب کون دیگا؟ مجرموں کو سامنے لایا جائے۔
شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول بحران کی تحقیقات کیلئے قائم انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں، یہ ایک مصنوعی بحران تھا۔ رپورٹ میں پیٹرولیم ڈویژن اور آئل کمپنیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ عالمی منڈی میں کم قیمتوں کو بحران میں تبدیل کیا گیا۔ ڈی جی آئل کی تعیناتی بھی غیر قانونی تھی۔ 20 روز کا تیل ذخیرہ نہیں کیا گیا۔ مافیا کو ذخیرہ اندوزی کرنے دی گئی۔ انکوائری رپورٹ حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈی جی آئل کی غیر قانونی تعیناتی سے لے کر 20 دن کا ذخیرہ نہ کرنا منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا بحران میں عوام سے اربوں روپے لوٹے گئے اس کا حساب کون دیگا؟
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ان رپورٹس سے کوئی فائدہ نہیں، مجرموں کو سامنے لایا جائے۔ پیٹرول بحران رپورٹ نے حکومت کی نااہلی کو بے نقاب کیا ہے۔ حکومت کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پیٹرول کا بحران ہوا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مصنوعی بحران کے پیچھے تباہی سرکار خود تھی۔ رپورٹ رپورٹ کھیل کر عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔ اصلی مجرم ان رپورٹس کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔