حکومت کا عوام کیلئے بڑاریلیف،پیٹرول اورڈیزل کی قیمتیں برقراررکھنے کا فیصلہ

Published On 15 March,2021 08:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے رواں ماہ کے اختتام تک پٹرول اورڈیزل کی موجودہ قیمتوں کوبرقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم لائٹ ڈیزل آئل اور کیروسین آئل کی قیمت میں بالترتیب 3.42 روپے اور2.19 روپے فی لیٹرکااضافہ کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ابھار کو برداشت کر رہی ہے۔

اس تناظر میں محدود مالی گنجائش کے باوجود بھی حکومت نے جاری ماہ کے اختتام تک پٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق چونکہ کیروسین آئل اورلائٹ ڈیزل پرپٹرولیم ڈولپمنٹ لیوی نہیں لی جاتی۔ اس لئے بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

کیروسین آئل کی فی لیٹرقیمت میں 3.42 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.19 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق منگل سے ہوگا۔ کیروسین آئل کی فی لیٹر قیمت 83.61 روپے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 81.42 روپے ہو گئی۔


 

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں قیاس آرائیاں ہیں، اوگرا

خیال رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو قیاس آرائیاں قرار دیا گیا تھا۔

اوگرا نے کہا گیا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق خبریں قیاس آرائیاں ہیں۔

ترجمان اوگرا نے کہا کہ قیاس آرائیوں سے افراتفری میں پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کا خدشہ ہے۔ اس لئے قیمتوں کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔