ایف اے ٹی ایف اجلاس: 23 جون کو پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

Published On 21 June,2021 11:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا 5 روزہ اجلاس آج سے شروع ہوگیا ہے جس میں 23 جون کو پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، پاکستان نے تمام 27 میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ جمع کرادی ہے۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اہداف کے حصول میں پاکستان اب تک کی کارکردگی سے مطمئن ہے، پاکستان نے تمام 27 اہداف پر پیش رفت کی ہے اور اس کی رپورٹ 15 جون کو جمع کرادی گئی ہے۔

پاکستان نے جو رپورٹ جمع کرائے اس کے مطابق پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ کے لیے سخت قوانین بنائے، پاکستان نے 22 ہزار پراپرٹی ڈیلرز کی رجسٹریشن مکمل کی یہ 22 ہزار پراپرٹی ڈیلرز مشکوک سرمایہ کار کی نشان دہی کریں گے۔

پاکستان نے کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمند کیے اور ان کے زمہ داران کے خلاف کیسز بنائے گئے اور ان تنظیموں تک سونے، زیورات اور پراپرٹی کی منتقلی روک دی گئی۔ جدید قوانین کے بعد اب پاکستان میں سونے اور زیورات میں مشکوک سرمایہ کار کی نشان دہی ہوسکے گی۔

ملک بھر کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس مشکوک ترسیلات رپورٹ کریں گے، قومی بچتوں میں اصلاحات اور بڑی مالیت کے بے نامی بانڈ ختم کیے گئے۔
 

Advertisement