لاہور: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ فلور ملز پر لاگو کم از کم ٹیکس ٹرن اوور کے 0.25 فیصد رہے گا، گندم چوکر پر تجویز کردہ 17 فیصدجنرل سیلز ٹیکس اضافہ بھی واپس لیا جار ہا ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے یہاں جاری وضاحتی بیان میں کہاہے کہ فنانس بل 2021 میں ایف ایم سی جی مصنوعات بشمول فلور ملز و ریفائینریز ریٹیلرز کو سہولت دینے کے لئے ٹرن اوور بنیادوں پر مجوزہ کم از کم ٹیکس شرح ٹیبل کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایف بی آر نے پہلے بھی وضاحت جاری کی تھی جس میں فنانس بل22۔ 2021 میں متعلقہ ٹیبل میں غلطی سے فلورملز کے الفاظ نہ لکھے جا نے کی وضاحت کی گئی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ فنانس بل میں اس غلطی کی ترمیم کے ذریعے تصیح کر دی جائے گی۔اس کا مطلب ہے کہ فلور ملز پر لاگو کم از کم ٹیکس ٹرن اوور کے ٹرن اوور کے 1.25 فیصد نہیں بلکہ 0.25 فیصد رہے گا، اس ضمن میں جوتاثردیا جارہاہے وہ بے بنیادہے۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت کی طرف سے افراط زر کو کنٹرول کرنے اور کاروباری کمیونٹی کو ریلیف دینے کے لئے گندم چوکر پر تجویز کردہ 17 فیصدجنرل سیلز ٹیکس اضافہ بھی واپس لیا جار ہا ہے۔