راولپنڈی: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سمگل شدہ نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے راولپنڈی میں 180 کارٹنز میں موجود مختلف برانڈز کے56 لاکھ 70 ہزارروپے مالیت کے 18 لاکھ سگریٹس تحویل میں لے لئے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک،ایف بی آر نے ملک بھر میں غیر قانونی سمگل شدہ اور نان ڈیو ٹی پیڈ سگریٹ کے خلاف کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک، راولپنڈی کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے 180 کارٹنز میں موجود مختلف برانڈز کے56 لاکھ 70 ہزارروپے مالیت کے 18 لاکھ سگریٹس تحویل میں لے لئے جس کے ذریعے 37 لاکھ 93 ہزار آٹھ سو روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکسز چوری کی گئی۔
ایف بی آر کے مطابق وزیر اعظم کے ویثرن اور چئیرمین ایف بی آر کی خصوصی ہدایات کے مطابق سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لئے کاروائیاں جاری ہیں۔ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کی ٹیمیں پورے پاکستان میں متحرک ہے۔ ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کی ٹیمیں پورے ملک میں اپنے ریجنل کو آرڈینیٹرز اور سینٹرل کوآرڈینیٹر انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن اسلام آبادکی نگرانی میں موثر طریقے سے سر گرم ہیں۔