لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال 2021-22 کا وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد سے ملک میں مہنگائی نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔ بجٹ پیش ہونے کے بعد جون میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا ہے اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی اوسط شرح بڑھ کر 14.52 فیصد ہوگئی ہے۔ داخلی سطح پر بجٹ کے بعد سے مہنگائی میں اضافے سے عوام دوست بجٹ کا حکومتی بیانیہ متاثر ہو رہا ہے۔
مختلف کمپنیوں نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں بڑھا دیں۔ مختلف کمپنیوں نے درجہ اول کا گھی328 روپے سے بڑھا کر343 روپے کلو کردیا اسی طرح 320 روپے والا درجہ اول کا گھی اب 330 روپے کلو میں ملے گا۔
صدر لاہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کمپنیوں نے پرچون مارکیٹس کو نیا آرڈر زائد قیمتوں پر دیا جارہاہے، گھی کمپنیوں نے درجہ اول کا گھی بغیر کسی پیشگی اطلاع مہنگا کردیا ہے۔