کراچی: (دنیا نیوز) اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک سال کے دوران گاڑیوں اور مکانات کے لئے دیئے گئے قرضوں کے حجم میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جولائی 2021 تک گاڑیوں کی خریداری کے لئے 314 ارب روپے کا قرض فراہم کیا گیا جبکہ جولائی 2020 میں کار فنانسنگ کا حجم 215 ارب روپے تھا۔ اس طرح گاڑیوں کے لئے دیئے گئے قرضے ایک دوران 99 ارب روپے بڑھ گئے۔ دوسری جانب مالی سال 2021 کے اختتام پر کار فنانسنگ کا حجم 308 ارب روپے رہا جو مالی سال 2020 کے اختتام پر 211 ارب روپے تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2021 کے اختتام پر مکانات کے لئے دیئے گئے قرضوں کا حجم 107 ارب روپے رہا جو کہ جولائی 2020 کے اختتام پر 80 ارب روپے تھا۔ اس طرح ایک سال کے دوران ہاوس فنانس کے حجم میں 27 ارب روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کم شرح سود کے باعث عوام ماکانات اور گاڑیوں کی خریداری کے لئے دھڑا دھڑ قرض حاصل کررہے ہیں جس کے باعث قرضوں کے حجم میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔