اسلام آباد:(دنیا نیوز)حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے کے معاملہ پر نیپرا نے حیسکو پر 2 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
نیپرا تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے کہا گیا کہ حیسکو میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے 10 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے تھے ، 10 اموات میں 1 حیسکوکا ملازم جبکہ 9 عام لوگ شامل تھے جبکہ اتھارٹی نے ہلاکتوں کی تحقیقات کے لئے 3 ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے متاثرین کے بیانات قلمبند کیے اور جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکھٹے کیے،حیسکو حکام سے بھی پوچھ گچھ کی گئی جبکہ متاثرہ ٹرانسفارمر بنانے والی کمپنی کا بھی دورہ کیا گیا۔
نیپرا نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے تفتیش مکمل کرنے کے بعد اتھارٹی کو رپورٹ پیش کی تھی، اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا، سماعت کا موقع بھی دیا گیا،لیکن حیسکوضابطہ اخلاق اورحفاظتی معیارات کو برقرار رکھنے کے لئے قانونی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اتھارٹی نے حیسکوکوسوگوارخاندانوں کو حیسکو ملازمین کے برابر 35 لاکھ فی کس ، زخمی شہریوں کو 7 لاکھ 50 ہزارفی کس معاوضہ ادا کرنے کی بھی ہدایت کی گئی جبکہ معاوضے کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کا بھی کہا گیا