ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے کا امکان

Published On 14 October,2021 11:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کی طرف سے ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پھرسےمہنگی کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، اوگراکی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کر دی ہے۔ اوگراکی پٹرولیم مصنوعات 10 روپےفی لٹرمہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 90 پیسےفی لٹراضافے کی تجویز زیر غور ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل 10 روپے فی لٹر مہنگا کرنے کی تجویز ہے۔ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ نئی قیمتوں کااطلاق وزارت خزانہ کےنوٹیفکیشن کےبعد ہو گا۔ پٹرولیم لیوی اورسیلزٹیکس کم کرکےعوام کوریلیف فراہم کیاجاسکتاہے

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران کہا تھا کہ حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے، مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ عالمی منڈی میں چیزوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں اب بھی خطے میں پٹرول کی قیمت سب سے کم ہے، ہم لوگوں کو سمجھا نہیں پا رہے مہنگائی کی وجوہات کیا ہیں۔

اس سے قبل پندرہ روز قبل 30 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 8.82 روپے تک اضافہ کیا تھا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا تھا جسکے بعد پٹرول کی نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے ہو گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا تھا، ڈیزل کی قیمت 122 روپے 4 پیسے ہو گئی تھی۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 82 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد قیمت 99 روپے 51 پیسے قیمت ہو گئی تھی۔ مٹی کے تیل کی قیمت 7 روپے 2 پیسے بڑھا دی گئی جس کے بعد نئی قیمت 99 روپے 31 پیسے ہو گئی تھی۔
 

Advertisement