پٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا نیا طوفان، رکشہ اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ

Published On 03 October,2021 11:18 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کوئٹہ میں مہنگائی کا نیا طوفان، شہریوں کو اندورن شہر سفر اور سامان لے جانا بھی مشکل ہو گیا، رکشہ اور چھوٹی مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا۔

ملک میں ہر ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کے باعث مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ ہوتا جا رہا ہے، کوئٹہ میں پٹرول 127 روپے فی لٹر پر پہنچ جانے کے بعد گرانی کا نیا طوفان آ گیا، اب شہریوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ ضروری کام کے سلسلے میں سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا، رکشے والوں نے قریب ترین مسافت کے کرایہ میں 50 سے سو روپے کا اضافہ کر دیا ہےجس پرشہری پریشان ہیں۔

شہر میں ایک محتاط اندازے کے مطابق 20 ہزار سے زائد رکشے چل رہے ہیں جن میں سفید پوش افراد سفر کرتے ہیں۔ رکشہ مالکان کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے کے باعث کرایہ بڑھانے پر مجبورہیں۔ مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کا موقف ہے کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی خاموشی قابل مذمت ہے۔
 

Advertisement