آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے ہوگئے، معاہدہ اسی ہفتے ہو جائے گا: شوکت ترین

Published On 01 November,2021 12:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے ہوگئے، معاہدہ اسی ہفتے ہو جائے گا، اسٹیٹ بینک سے متعلق قانون کیلئے آئینی ترامیم کی ضرورت ہے، آئینی ترمیم کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے، آئی ایم ایف کو یہی بات سمجھانے کی کوشش کی ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں، مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے، عالمی قیمتیں میرے کنٹرول میں نہیں ہیں، پاکستان کسٹم کے جدید طریقہ کار سے تجارت کو شفاف بنانے میں مدد ملے گی، سنگل ونڈو سے منی لانڈرنگ کے خاتمے میں بڑی مدد ملے گی، تحریک انصاف تاجروں کو سہولت دینا چاہتی ہے، حکومت کاروباری حضرات کے لیے آسانیاں کر رہی ہے۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ایف بی آر اور نیشنل بینک کے بعد مزید سائبر حملوں کا خدشہ ہے، دشمن ملک ہمارے پڑوس میں بیٹھا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں لیٹ نہیں ہونگی، صورت حال پر قابو پا لیا گیا ہے۔