کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے صنعت کاروں نے کے الیکٹرک کے زیر تعمیر بن قاسم تھری پاور پلانٹ کا دورہ کیا، صنعت کاروں نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہا۔
کراچی کے صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشن نے کے الیکٹرک کے بن قاسم پر زیر تکمیل پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ دورے میں انڈسٹریل فورم، نارتھ کراچی، بن قاسم، لانڈھی، فیڈرل بی ایریا ، کورنگی اور سائٹ کے صنعت کار شامل تھے۔ صنعت کاروں کو کے الیکٹرک کے مخلتف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس عبداللہ علوی نے بتایا کہ کے الیکٹرک بن قاسم تھری پلانٹ پر 650 ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے۔ 900 میگاواٹ بجلی کے یونٹ کی ایفشینسی 60 فیصد ہے۔ کے الیکٹرک حکام نے صنعت کاروں کو مزید بتایا کہ کے الیکٹرک نے گزشتہ سال 2 لاکھ 26 ہزار بجلی کے نئے کنکشن دیئے۔ کراچی شہر میں مستقبل قریب میں 700 میگاواٹ بجلی کی طلب میں اضافہ متوقع ہے جس میں سے 350 میگا واٹ بجلی کی طلب صنعتی شعبے سے آرہی ہے۔ کے الیکٹرک اب تک 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔
صنعت کاروں نے کے الیکٹرک کے اقدامات کی تعریف کی۔ اس موقع پر صنعت کاروں نے کے الیکٹرک کی جانب سے لائن لاسز 17 فیصد کرنے اور صنعتوں کو لوڈ شیڈنگ فری کرنے کو سراہا۔