پٹرول پر ڈیلرزمارجن میں 99پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز

Published On 25 November,2021 06:31 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)پٹرولیم مصنوعات پر مارجن میں اضافے کے معاملے پر پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرول اورہائی سپیڈ ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 71 پیسے فی لٹر جبکہ پٹرول پر ڈیلرزمارجن میں 99پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرول پر او ایم سی مارجن 2روپے97پیسے سے بڑھاکر 3روپے68پیسے اورہائی سپیڈ ڈیزل پر او ایم سی مارجن 2روپے97پیسے سے بڑھاکر3روپے68پیسے کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سےپٹرول پر ڈیلر مارجن میں 99پیسہ فی لیٹراورہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلر مارجن میں 83پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پٹرول پر ڈیلر مارجن 3روپے91پیسے سے بڑھاکر 4روپے90پیسے اورہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلر مارجن 3روپے30پیسے سے بڑھاکر 4روپے 13پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویزدی گئی ۔علاوہ ازیں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مارجن میں تقریباً پونے 9روپے اضافے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں اضافے کی سمری ای سی سی کو ارسال کردی گئی ہے۔

دوسری جانب پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور وزارت توانائی و پٹرولیم کے درمیان مذاکرات جاری ہیں،پٹرولیم ڈویژن کی مارجن میں اضافے کی سمری کو کامیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جبکہ ماضی میں ڈیلرز کا مارجن 20 پیسے کے حساب سے بڑھتے رہا۔

وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 99 پیسے بڑھانے کی درخواست کی گئی اوراس اضافے سے ڈیلرز کو ہونے والا ماضی کا نقصان بھی پورا ہوجائے گا ۔
 

Advertisement