اسلام آباد:(دنیا نیوز)قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.48 فیصد کمی ہوئی، 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ،11 میں کمی ہوئی جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کا تھیلا 11 سو میں مل رہا ہے۔
نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی ۔
سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.48 فیصد کمی ہوئی، 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 19 میں استحکام اور 21اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹماٹر، پیاز، آلو، چکن، چینی سمیت مختلف اشیا کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے،پنجاب، کے پی اور وفاقی دارالحکومت میں بدستور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے پر مل رہا ہے جبکہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے گندم کی مسلسل فراہمی سے مزید بہتری آئی ہے۔
مشیر خزانہ نے سندھ میں گندم کی قیمتوں اور سپلائی بہتر بنانے کی ہدایت کی،سیکرٹری خزانہ نے ملک میں چینی کی قیمتوں سے متعلق بتایا کہ حکومتی اقدامات سے ملک میں چینی کی قیمت میں مسلسل کمی کا جحان ہے۔ چینی کے نئے ذخائر آنے سے چینی کی قیمتیں مزید کم ہوئی ہیں۔
مشیر خزانہ نے چینی کی قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی کو گھی اور خوردنی تیل کی بڑھتی عالمی قیمتوں کے مقامی سطح پر اثرات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
مشیر خزانہ نے ہدایت کی کہ پام اور سویا بین آئل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو ملنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دالوں کی پیداوار بہتر ہونے سے درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔
شوکت ترین نے فرٹیلائزر کی آسان دستیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی جبکہ اجلاس میں سستا اور سہولت بازاروں میں کم قیمتوں پر اشیاء کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔