اسٹیل کی فی ٹن قیمت ایک بار پھر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Published On 09 December,2021 02:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اسٹیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ اسٹیل کی فی ٹن قیمت ایک بار پھر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اسٹیل کی قیمت مسلسل پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ اسٹیل کی فی ٹن قیمت 2 ہزار روپے بڑھ کر نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 97 ہزار روپے فی ٹن پر پہنچ گئی۔ رواں مالی سال اسٹیل کی فی ٹن قیمت 30 فیصد یعنی 45 ہزار 500 روپے بڑھ چکی ہے۔ اسٹیل مرچنٹس کا کہنا ہے کہ اسٹیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ روپے کی قدر میں کمی اور عالمی منڈی میں اسٹیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

دوسری جانب اسٹیل کی قیمتوں میں اضافے سے وزیر اعظم کی سستے گھروں کی اسکیم شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویپلیز کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسٹیل کی قیمتوں بے پناہ اضافے کے باعث لو کاسٹ ہاوسنگ اب صرف خواب ہی رہ گئی ہے۔