اسلام آباد:(دنیا نیوز)ایف بی آر نے پی او ایس سے منسلک ریٹیلرز سے خریداری پر انعامی سکیم کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق ہر ماہ کروڑوں کے انعامات قرعہ اندازی کے ذریعے دیئے جائیں گے۔
ترجمان ایف بی آر اسد طاہر جپہ کے مطابق پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہو گی،دسمبر2021 میں پی او ایس سے منسلک ریٹیلرز سے خریداری کرنے والے قرعہ اندازی میں شامل ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے عوام پی او ایس سے منسلک ریٹیلرز سے خریداری کر کے انعامی سکیم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ایف بی آر عوام کی راہنمائی کے لیے 11 دسمبر 2021 سے اشتہاری مہم شروع کر رہا ہے۔ پہلا انعام 10 لاکھ روپے ہوگا۔ دوسرا انعام 5 لاکھ روپے اور ساتھ میں دو انعامات دیے جائیں گے ۔ تیسرا انعام ڈھائی لاکھ روپے ہوگا اور 4 انعامات دیے جائیں گے۔
ایف بی آر کے ترجمان نے کہا کہ چوتھا انعام 50 ہزار روپے ہوگا اور ایک ہزار انعامات دیے جائیں گے۔ ہر ماہ 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کے انعامات دیے جائیں گے۔