فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں کھادوں کی قلت اور بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کاشتکاروں کو مسائل سے دوچار کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کھادوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی۔
فیصل آباد میں زرعی کھادوں کی قلت اور ان کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کاشتکاروں کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، آئے روز کھادوں کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے کاشتکار انتظامیہ کے خلاف بلبلا اٹھے۔
کاشتکار کہتے ہیں کہ ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے من چاہی قیمتیں مقرر کردی گئی ہیں جبکہ انتظامیہ کارروائیوں کی بجائے منظر عام سے غائب ہے ۔
معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی قیمتوں میں اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ طلب اور رسد میں فرق کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے البتہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
کاشتکار مطالبہ کرتے ہیں زرعی کھادوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالی جاسکے۔