ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں رواں سال فراہم کردہ بجٹ کا 35 فیصد خرچ کرنے کے باوجود کوئی بھی منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے شہریوں اور تاجروں کی اکثریت ادھورے منصوبوں کے حوالے سے دوہری اذیت کا شکار ہو چکی ہے۔
ملتان ڈویژن میں مجموعی سکیموں کی تعداد 710 ہے جن میں 145 پرانی اور 565 نئی سکیمیں شامل ہیں جن کیلئے رواں سال 23 ارب روپے کا بجٹ منظور نہیں کیا گیا لیکن تا حال حکومت نے سترہ ارب روپے ہی فراہم کیے ہیں جن کا پینتیس فیصد بجٹ خرچ کرنے کے باوجود تا حال کوئی بھی منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ادھورے منصوبوں کے حوالے سے شہریوں اور تاجروں کے مسائل برقرار ہیں ۔
ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ کورونا کے باعث فنڈز کی فراہمی تعطل کا شکار ہونے سے کئی منصوبوں پر جاری کام کو بند کرنا مجبوری بن گیا لیکن موجودہ صورتحال میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں، اسی لیے متعلقہ ٹھیکداروں کو تمام منصوبے مقررہ ڈیڈ لائن میں مکمل کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔