گیس کی قلت، لکڑی اور کوئلے کے نرخوں میں بے تحاشا اضافہ، عوام پریشان

Published On 28 December,2021 12:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گیس کی قلت کیا ہوئی لکڑی اور کوئلے کے نرخوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوگیا، ایک ماہ کے دوران لکڑی کی فی من قیمت میں تین سو روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ہمارے ساتھ بھی عجب معاملہ ہے کہ ایک مصیبت ختم نہیں ہوتی اور دوسری سر اُٹھا لیتی ہے۔ سردیوں کی آمد ہوئی تو گیس نے الوداع کہنا شروع کردیا جو اب خال خال ہی اپنی موجودگی کا احساس دلا پاتی ہے۔ اِس صورت حال کی وجہ سے لکڑی اور کوئلے کی طلب بڑھی تو اِن کے نرخ بھی آؤٹ آف کنٹرول ہو گئے جس پر دکاندار بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

گذشتہ صرف ایک ماہ کے دوران لکڑی کے نرخ 9سو روپے سے 12 سو روپے فی من تک جا پہنچے ہیں تو کوئلے کے نرخوں میں 20روپے کلو تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔ ظاہر ہے کہ گیس کی سہولت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے چولہا جلانے کے لیے متعدد صورتوں میں لکڑی ہی جلانا پڑتی ہے جس کے اضافی نرخوں کا بوجھ صارفین کو نڈھال کررہا ہے۔

جائے رفتن نہ پائے ماندن جیسی اِس صورت حال میں فی الحال تو بہتری کی بھی کوئی صورت دکھائی نہیں دے رہی۔
 

Advertisement