اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح 21.38 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ برائلر مرغی ، پٹرولیم مصنوعات ، انڈے ، گھی اور دالوں کے دام بڑھے ۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق برائلر مرغی 8 روپے 96 پیسے ، دال مسور 3 روپے 23 پیسے ، دال مونگ 1 روپے 67 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ چینی کی فی کلو قیمت 62 پیسے اضافے کے بعد 92 روپے 74 پیسے فی کلو ہوگئی ۔
ایک ہفتے میں لہسن دو روپے فی کلو، پٹرول 3 روپے 80 اور ڈیزل 3 روپے 81 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا ۔ جلانے کی لکڑی ، ماچس ، گرم مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ لہسن ایک روپے 82 پیسے اور مٹن بھی 4 روپے 53 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ۔
دوسری جانب حالیہ ہفتے ٹماٹر 10 روپے 6 پیسے کمی ہوئی ، انڈے 4 روپے 19 پیسے فی درجن ، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 23 روپے 35 پیسے ، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 65 پیسے سستا ہوا جبکہ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔