کراچی: (دنیا نیوز) مالی سال 2022 کے چھ ماہ کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
سٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2022 کے پہلے چھ ماہ کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 20 فیصد اضافے سے ایک ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ فارن انویسٹرز نے اس عرصے کے دوران سٹاک مارکیٹ سے 30 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص اور 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے بانڈز بھی فروخت کیے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق چھ ماہ کے دوران کُل بیرونی سرمایہ کاری 47 فیصد اضافے سے 65 کروڑ 10 لاکھ ڈالرریکارڈ کی گئی، بیرونی سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں چین پہلے نمبر جبکہ امریکا کا دوسرا نمبر رہا۔ چھ ماہ میں چین نے 30 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور امریکا نے 14 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی۔
جولائی سے دسمبر کے دوران توانائی کے شعبے میں 36 کروڑ 40 لاکھ ڈالر، فنانشل بزنس سیکٹر میں 20 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اور مواصلات کے شعبے میں 14 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔