بجلی قیمتوں میں 95 پیسے اضافے کی حکومتی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Published On 24 January,2022 03:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی قیمتوں میں اضافے کی تیاریوں کے تحت بنیادی ٹیرف میں 95 پیسے فی یونٹ اضافے کی حکومتی درخواست پر نیپرانے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چئیرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی حکومتی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران وزارت توانائی حکام نے بتایا کہ بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیز ٹو لا رہے ہیں جس میں 20 ارب کی سبسڈی ختم ہونے کے باجود 177 ارب کی سبسڈی جاری رہے گی، نان پروٹیکٹڈ صارفین کو 197 ارب اور پروٹیکٹڈصارفین کو 71 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ پروٹیکٹڈ صارفین پر نئی قیمتوں کا بوجھ نہیں پڑے گا۔

سماعت کے دوران چئیرمین نیپرا توصیف احمد فاروقی نے کہا کہ ہم یہاں صرف صارفین کے تحفظ کیلئے بیٹھے ہیں، نیپرا نے ایک ٹیرف مقرر کر دیا ہے، سبسڈی ختم کریں یا قیمتوں میں اضافہ، فیصلے سیاسی حکومت کے ہوتے ہیں۔

چئیرمین نیپرا نے کہا حکومت بل میں صارفین سے کم سے کم 21 فیصد ٹیکس لے رہی ہے، میں نے خود وزیر خزانہ سے کہا ہے کہ مہربانی کریں یہ کوئی ٹیکس اکٹھا کرنے والا شعبہ نہیں، وزیر خزانہ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ معاملے پر غور کریں گے۔

حکومتی درخواست پر نیپرا نے سماعت مکمل کر لی، اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
 

Advertisement