نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ جاری کردیا

Published On 05 November,2021 07:51 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)بجلی کی بنیادی قیمت میں اضافے کی راہ ہموار ہوگئی اور نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کے حکومتی فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق گھریلو صارفین کے لئے بجلی 1 روپے 68 پیسے ،کمرشل اور صنعتی صارفین کے لئے بجلی 1 روپے 39 پسیے مہنگی کردی گئی ہے۔

نیپرا حکام کے مطابق ماہانہ 200 یونٹ تک کے صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر 2021 سے ہوگا ۔

اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے لئے ہے جبکہ بجلی کی قیمت میں اضافے سے حکومت کو سالانہ 135ارب روپے حاصل ہونگے۔

اس سے قبل تبدیلی سرکار نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار رات گئے اچانک قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔ پٹرول کی قیمت 8 روپے 3 پیسے جبکہ ڈیزل کے دام 8 روپے 14 پیسے فی لٹر بڑھ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے ایک مرتبہ پھر پٹرول بم گرا دیا، قیمت میں 8 روپے 3 پیسے اضافہ

وفاقی حکومت نے رات گئے عوام پر ایک دفعہ پھر پٹرول بم گرا دیا۔ پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا۔ پٹرول کی نئی قیمت 145 روپے 82 پیسے فی لٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 142 روپے 62 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی۔

لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 72 پیسے فی لٹراضافہ کر دیا گیا۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 114 روپے 7 پیسے فی لٹر ہوگئی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 27 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں پر عوام سیخ پا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سرا سر ظلم ہے، مہنگائی کے سونامی نے ان کے دن کا چین اور راتوں کی نیندیں برباد کر دی ہیں۔

عوام حکومت سےمطالبہ کر رہی ہے کہ آئے روز بڑھتی ہوئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو لگام ڈالی جائے، ورنہ حالات قابو سےباہر ہو جائیں گے۔

Advertisement