کراچی: (دنیا نیوز) ساوتھ ایشیا پورٹ ٹرمینل کراچی پر گورنر سندھ نے فریٹ ٹرین منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ کراچی سے کوٹ رادھا کشن تک ٹرین چلائی جائے گی۔ تقریب میں وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔
مذکورہ مال گاڑی کراچی سے کوٹ رادھا کشن تک چلائی جائے گی، وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کہتے ہیں پاکستان ریلوے بہت جلد ایک منافع بخش ادارہ بنے گا۔
ساؤتھ ایشیا پورٹ ٹرمینل کراچی پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے منصوبے کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ساڑھے تین سال میں ملک کو درست سمت میں لارہے ہیں۔
وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو کراچی کو بزنس حب بنانا ہوگا۔
ساؤتھ ایشیا پورٹ ٹرمینل سے روزانہ چار مال گاڑیاں چلائی جا سکتی ہیں۔ تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی ایز اور ایم این ایز نے بھی شرکت کی۔