پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپیہ کرنے سے بھی مطلوبہ اہداف حاصل نہ ہو سکے، گاڑیوں کے مالکان صوبے میں اپنی گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے تیار نہ ہوئے، صوبے کے ریونیو میں بھی گزشتہ سال کی نسبت کافی کمی آگئی۔
صوبے میں گزشتہ سال گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ایک روپیہ مقرر کی گئی جس کا بنیادی مقصد خیبرپختونخوا سے دوسرے صوبوں میں اپنی گاڑیاں رجسٹرڈ کروانے والوں کو روکنا اور صوبے کے ریونیو میں اضافہ کرنا تھا لیکن گزشتہ سال کے آخری تین ماہ میں صوبے بھر میں 500 گاڑیاں بھی رجسٹرڈ نہ ہوسکیں، شہریوں نے بھی حکومت پر تنقید کی۔
محکمہ ایکسائزحکام کے مطابق صوبے میں گزشتہ سال کے آخری تین ماہ میں مجموعی طورپر صرف 424 گاڑیاں رجسٹرڈ کی گئی ،ایک روپیہ فیس گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کی گئی تاہم اس سے مثبت اثرات سامنے آنے میں مزید وقت لگے گا، عوام کو اس طرف راغب کرنے کےلیے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں ۔
ایکسائزریکارڈ کے مطابق ایک روپیہ رجسٹریشن فیس کے بعد سے اب تک بنوں، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، مالاکنڈ اور مردان سمیت صوبے کے گیارہ اضلاع میں کوئی گاڑی رجسٹرڈ نہیں کی گئی جو کہ حکومت کا ریونیو کی مد میں ایک بڑا نقصان ہے۔