اسلام آباد: (دنیا نیوز) این اے 45 خیبر پختونخوا میں دھاندلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی فخر زمان نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے انکوائری رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کے معاملہ کا ویڈیو کلپ کے ذریعے معلوم ہوا، ویڈیو مخالفین نے سوشل میڈیا پر وائرل کی ، ویڈیو میں مخالفین جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ گزشتہ برس دو فروری کو جھوٹی ویڈیو کی شکایت لیکر ڈی پی او آفس گیا، ڈی آر او سیاسی مخالفین کے ساتھ ملے ہوئے تھے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جواب گزار کو کبھی بھی ڈی آر او کی کسی انکوائری میں شامل نہیں کیا گیا، سیاسی مخالفین نے ملکر انتخابات سے باہر کرنے کیلئے سازش کی، انتخابات پر اثر انداز ہونے کیلئے الیکشن کمیشن کا جعلی حکم نامہ تیار کیا گیا، مقامی انتخابی حکام نے اس کا علم ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی، صوبائی الیکشن کمیشن نے بھی درخواست دینے کے باوجود ایکشن نہیں لیا، ہارنے والے امیدوار نے این اے 45 کے الیکشن کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی۔
جواب میں انہوں نے مزید بتایا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ یکطرفہ موقف ہے، میرا بیلٹ پیپرز اجرا سے کوئی تعلق نہیں، میں نے ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، انکوائری رپورٹ میں میرا اس معاملے سے جڑے ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے، اس لئے اس رپورٹ کو نظر انداز کیا جائے۔