خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار

Published On 03 February,2022 08:48 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہو گیا، 12 سال اور اس سے زائد عمر کے طلباء وطالبات کی بڑی تعداد کو کورونا کی دوسری خوراک نہ دی جا سکی، وزیر تعلیم کہتے ہیں محکمہ صحت کے ساتھ مل کر مشترکہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے گزشتہ سال ستمبر میں سرکاری سکولوں میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کو کورونا سے بچائو کے لیے ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم صوبے کے سرکاری سکولوں میں اب تک پہلی خوراک لینے والے طلبہ کی تعداد زیادہ ہے جبکہ بڑی تعداد میں طلباء نے دوسری ڈوز نہیں لی، شہریوں کا کہنا ہے کہ وائرس کی نئی لہر کے بعد ہنگامی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

صوبائی وزیرتعلیم کے مطابق صوبے میں اب تک 52 فیصد طلباء و طالبات کی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے جبکہ ویکسینیشن کا عمل مزید تیز کرنے کےلیے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں نئے ویرینٹ اومی کرون کیسز کی تعداد میں بھی یومیہ بنیادوں پر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔