اسلام آباد:(دنیا نیوز) رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں بھی مہنگائی کی لہر بدستور برقرار رہی اور لہسن، برائلر مرغی، گھی، کوکنگ آئل سمیت بیشتر اشیاء مہنگی ہو گئیں جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 8 فیصد کی معمولی ریکارڈ کی گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 18 اعشاریہ 47 فیصد ہوگئی، کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کا پارہ تاحال 20 فیصد سے بلند رہا، ایک ہفتے میں 16 اشیاء مہنگی ہوئیں اور 14 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن اوسط 23 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، اوسط قیمت 354 روپے 62 پیسے فی کلو ہوگئی، زندہ مرغی اوسط 11 روپے 49 پیسے اضافے کے ساتھ 214 روپے 88 پیسے فی کلو ہوگئی جبکہ رواں ہفتے سرسوں کا تیل 3 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ڈالڈا گھی کا اڑھائی کلو کا ٹن 8 روپے 74 پیسے مہنگا ہوا، فروری کے دوسرے ہفتے میں جلانے کی لکڑی6 روپے 27 پیسے فی من مہنگی ہوئی، کیلے فی درجن 3 روپے 6 پیسے مہنگے ہوئے، کپڑے دھونے کا صابن، مٹن اور بیف بھی مہنگا ہوا۔
ایک ہفتے میں ٹماٹر 22 روپے 24 پیسے فی کلو سستے ہوئے، پیاز ایک روپے 11 پیسے فی کلو سستے ہوئے، انڈوں کی قیمت میں فی درجن 3 روپے 39 پیسے کمی ہوئی، آٹے کے بیس کلو کی قیمت میں 1 روپے 80 کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر35 روپے 32 پیسے سستا ہوا، بریڈ، تازہ دودھ، خشک دودھ، دہی سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔