ماسکو:(دنیا نیوز) روس اور یوکرین کے درمیان چلنے والی کشیدگی کے اثرات عالمی سطح پر بھی آںے لگے، جنگ کے خدشات کے باعث عالمی مندی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس اور یوکرین کے مابین جنگ کے بڑھتے خطرات نے عالمی معیشت کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے، برینٹ کروڈ 4 ڈالر اضافے کے ساتھ 97 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہورہا ہے، ٹریڈنگ کے دوران برینٹ خام تیل 99 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا تھا۔
روس یوکرین تنازع کے باعث عالمی سطح پر سرمایہ کار خریداری سے اجتناب کررہے ہیں، اسی لیے سونا 5 ڈالر کمی سے 1895 ڈالر کا ہوگیا، عالمی منڈیاں بھی مندی کا شکار ہورہی ہیں، امریکی اور یورپی اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں عشاریہ 4 سے 2 فیصد تک کی کمی ہوئی ہے۔
روس کی اسٹاک مارکیٹ بھی ملک پر ممکنہ پابندیوں کے خدشات کے باعث 19 فیصد گرگئی، عالمی منظرنامے کا اثر پاکستانی اسٹاک مارکیٹ پر بھی دیکھا جارہا ہے، دو روز میں پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سو پوائنٹس سے زائد گر چکا ہے۔