یورپ میں سب سے بڑی جنگ کا منصوبہ نظر آرہا ہے: بورس جانسن

Published On 20 February,2022 05:28 pm

لندن:(دنیا نیوز) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑی جنگ کا منصوبہ نظر آرہا ہے۔

برطانوی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑی جنگ کا منصوبہ نظر آتا ہے، یوکرین پر حملہ ہوا تو روسی کمپنیوں کو ڈالر اور پاؤنڈ تک رسائی نہیں ملے گی۔

یورپ ایک اور خونریز جنگ کے دہانے پر مذاکرات اور بات چیت کے کئی دورے بے نتیجہ ختم ہوگئے اور یوکرین کے وزیر خارجہ نے ممکنہ جنگ کا عندیہ دے دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دمترو کولیبا نے کہا کہ اب بے مقصد اور نا ختم ہونے والی بات چیت کا وقت نہیں ہے، روس کے لیے جو پابندیاں تیار ہیں وہ لاگو ہونی چاہیے، سفارتکاری کے دروازے کھلے ہیں لیکن کسی بھی صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

ادھر مشرقی یوکرین میں باغیوں کے زیر قبضہ شہر دونیتسک میں متعدد دھماکے سنائی دیے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہر میں لاؤڈ سپیکر پر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دی جارہی ہیں، مشرقی سرحد پر یوکرین کی فوج اور باغیوں کے درمیاں لڑائی میں بھی شدت آگئی، دونیتسک شہر سے نقل مکانی کرنے والے ہزاروں افراد روس پہنچنا شروع ہوگئے۔
 

Advertisement