کوئٹہ : (دنیا نیوز) کوئٹہ میں رمضان سے پہلے مہنگائی کی نئی لہر آ گئی، دالیں، چاول ، بیسن ، گھی اور تیل کی قیمتوں میں فی کلو 70روپے تک کا اضافہ ہو گیا۔
کوئٹہ میں رمضان کے قریب آتے ہی مہنگائی کی نئی لہر، شہرکی ہول سیل مارکیٹ میں کھانے پینے کی چیزیں روزانہ کی بنیاد پر مہنگی ہونے لگی ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران چنے، لوبیا، دالیں اور مختلف اقسام کے چاول کی قمیت میں فی کلو 40روپےتک کااضافہ ہوگیا، بیسن 35 روپے کے اضافے کے ساتھ 135روپے تک فروخت ہونے لگا۔ بنیادی اشیاء خوردونوش مہنگی ہونےسےلوگوں کی مالی پریشانی میں بھی اضافہ ہواہے۔
دوسری جانب بازارمیں تمام کمپنیوں کے گھی اورتیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گذشتہ 15دنوں کے دوران تیل اور گھی کی قیمت میں فی کلو 70روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔
چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والوں کا موقف ہے کہ رمضان کے موقع پر زیادہ منافع کمانے کے لئے ذخیرہ اندوز مافیا سرگرم ہوگیا ہے، انہوں نے مال گوداموں میں ذخیرہ کر لیا ہے اور وہ مصنوعی منہگائی کر رہے ہیں۔