اسلام آباد :(دنیا نیوز) رمضان المبارک اور ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال میں عوام کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.53 فی صد کا اضافہ ہوگیا۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 17.87 فیصد پر پہنچ گئی، حالیہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 53 روپے 20 پیسے کا اضافہ ہوا، ملک میں ٹماٹر کی اوسط قیمت 153 روپے پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز 13 روپے 37 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، ایک ہفتے کے دوران لہسن 8 روپے 86 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، حالیہ ہفتے گھی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 31 پیسے کا اضافہ ہوا، ملک میں گھی کی اوسط فی کلو قیمت 474 روپے 23 پیسے پر پہنچ گئی، حالیہ ہفتے مٹن کی فی کلو قیمت میں 33 روپے 48 پیسے اضافہ ہوا، بیف کی فی کلو قیمت میں 16 روپے 49 پیسے اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 14 روپے 62 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 51 روپے 92 پیسے مہنگا ہوا، چائے، دال چنا، دال مسور، تازہ دوھ ، پاؤڈر دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
حالیہ ہفتے 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 4 پیسے کمی آئی، چینی کی فی کلو قیمت میں 8 پیسے کمی دیکھی گئی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 8 روپے 8 پیسے کمی ہوئی، حالیہ ہفتے آلو، سرخ مرچ، گڑ، دال ماش، دال مونگ کی قیمت میں بھی معمولی کمی آئی جبکہ 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔