پشاور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے ، پہلا روزہ اتوار کو ہو گا
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سیّد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس چارسدہ روڈ پشاور پر قائم محکمہ اوقاف کے دفتر میں ہوا۔ رویت ہلال کمیٹی کی زونل اور اضلاعی کمیٹیاں اپنے اپنے مقامات بشمول مذہبی امور، کوہسار بلاک اسلام آباد میں موجود رہے۔
پنجاب کی زونل کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف لاہورمیں ہوا۔ چاند کی رویت کے لیے محکمہ موسمیات اور سپارکو کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔
پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک بھر میں کل سے ماہ رمضان کی ابتدا کا اعلان کیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ رمضان المبارک کا چاند نظرآگیا، کل ملک بھرمیں پہلا روزہ ہوگا، پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھا جائے گا، اللہ نے ہمیں رمضان کا مہینہ عطا کیا ہے، اس قبولیت والے ماہ اپنے رب کومنالیں۔ ملک کو بے شمارچیلنجز کا سامنا ہے، یہ وطن میری اورآپ کی عزت ہے، ہم پورے ملک میں وحدت کی طرف جارہے ہیں، اپنی مسلح افواج کوشہادتوں کے نذرانے پیش کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں۔
الحمد اللہ آج پاکستان کے بیشترمقامات پرمطلع صاف رہا، مختلف مقامات سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، لاہور، نارووال، سیالکوٹ، قصور، پاکپتن، کھاریاں سے چاند نظرآگیا ہے۔
چاند نظر آنے کا اعلان ہوتے ہوئی ملک بھر میں نماز تراویح کا آغاز ہوگیا جبکہ سحری کی تیاریاں بھی شروع کردی گئیں۔
رمضان کے دوران بینکوں کے اوقات
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے رمضان المبارک کے دوران بینکوں کے اوقات کار کی تفصیلات جاری کردیں۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رمضان کے مہینے میں تمام بینکس پیر تا جمعرات صبح 10 بجے سے 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کھلے رہیں گے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جمعہ کے روز تمام بینک 10 بجے سے 1 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کھلے رہیں گے۔