لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے رمضان المبارک کی نشریات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو 6 رہنما اصول ارسال کر دیے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا گیا کہ رمضان نشریات سے متعلق عوامی حلقوں کی شکایت پر وزیر مزہبی امور نے وزیر اعظم کو خط لکھا جس میں 6 رہنما اصول بتائے گئے ۔ پہلا یہ کہ معاشرے میں مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کا فروغ رمضان نشریات کی اولین ترجیح ہونا چاہئے ۔
دوسرا یہ کہ رمضان نشریات میں متنازعہ مسائل، مسلکی بحث سے ہر ممکن اجتناب کی جائے۔ تیسرا، مضان نشریات کے میزبان ضروری دینی و مذہبی علم سے آراستہ ہوں۔
چوتھا، میزبان و مہمانوں کا ڈریس کوڈ ماہ رمضان کے تقدس کے مطابق ہو، پانچواں مقدس شخصیات، مسالک کے ماننے والوں کا احترام ملحوظِ خاطر رکھا جانا چاہئے۔
چھٹے رہنما اصول میں کہا گیا کہ سحر اور افطار کے اوقات میں گیم شو اور دیگر غیر سنجیدہ پروگرامز نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ نیز ماہ رمضان میں غیر اخلاقی، غیر مناسب اشتہارات و پروگرام نشر کرنے پر پابندی لگائی جائے اور وزارتِ اطلاعات، پیمرا ، ٹی وی چینلز کو مناسب ہدایات جاری کی جائیں۔