پشاور کے سستا بازار سے آٹا، چینی، گھی سمیت اشیاء کا حصول محال، شہری مایوس لوٹنے لگے

Published On 16 April,2021 08:55 am

پشاور: (دنیا نیوز) رمضان میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی دعوے ہوا ہو گئے، پشاور کے سستا بازار سے آٹا، چینی، گھی سمیت دیگر اشیاء کا حصول محال ہو گیا، شہری قطاروں میں انتظار کے بعد مایوس لوٹنے لگے، کورونا سے بچائو کے ایس او پیز پر بھی عمل درآمد نہ ہو سکا۔

رمضان المبارک میں عوام کو گراں فروشوں سے نجات دلانے کے لیے سستا بازار تو قائم کئے گئے لیکن ان بازاروں سے بھی عوام کو ریلیف نہ مل سکا، صرف برائے نام ہی چند اشیاء موجود ہیں۔

پشاور میں شہریوں کو سستی اشیاء کی فراہمی کے لیے مختلف علاقوں میں 5 سستا بازارقائم کے گئے ہیں، شاہی باغ کے قریب قائم سستا بازار میں نہ تو چینی دستیاب ہے اور نہ ہی آٹا اور گھی، شہری خریداری کے لیے اس سستے بازار کا رخ تو کرتے ہیں لیکن خالی ہاتھ لوٹنے پرمجبورہیں۔

خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 82 سستا مراکز قائم کیے جائینگے، مختلف علاقوں میں قائم سستا بازاروں میں کورونا سے بچائوکی احتیاطی تدابیر پر بھی عملدرآمد نہیں ہورہا۔
 

Advertisement