اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں، آئی ایم ایف پٹرول اور بجلی کے ریٹ مزید بڑھانے کا مطالبہ کر رہا ہے تاہم موجودہ سیاسی حالات میں یہ ممکن نہیں ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے غیر ملکی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں، آئی ایم ایف پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ چاہتا ہے اور بجلی کے ریٹ بڑھانے کا مطالبہ کر رہا یے۔ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں پٹرول اور بجلی کا ریٹ نہیں بڑھا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کے ریٹ میں اضافہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہوا، آئی ایم ایف سے قرضہ ملا تو دیگر ذرائع سے بھی فنڈز مل سکیں گے۔
گورنر سٹیٹ بینک نےکہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے شرح سود بڑھانی پڑی، مسلسل روپے پر دباؤ سے بھی شرح سود میں اضافہ کرنا پڑا۔ آئی ایم ایف کے قرض سے دیگر ذرائع سے مالی امداد ممکن ہو گی۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ توقع ہے کہ معاشی ترقی کی شرح 4 فیصد سے زیادہ ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں سیاسی استحکام اور نئی سیاسی حکومت آنے سے آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ بات چیت ہوسکے گی اور قرض پروگرام کی ساتویں قسط کے حصول کے لیے کوششیں کی جاسکیں گی۔