شرح سود میں اضافے سے صنعتوں کیلئے قرض پر شرح سود مزید بڑھ جائے گی، ماہرین معاشیات

Published On 24 May,2022 12:56 pm

سٹیٹ بینک نے شرح سود میں ڈیڑھ فیصد اضافہ کردیا، بنیادی شرح سود 13.75 فیصد مقرر کر دی گئی، اقدام سے صرف قلیل المدتی فائدہ ہو سکتا ہے۔

سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2021 میں شرح سود کو 1 فیصد بڑھا کر 9.75 فیصد کیا گیا جبکہ رواں سال اپریل میں شرح سود 2.5 فیصد سے بڑھا کر 12.25 فیصد کر دی گئی۔ کورونا سے پہلے جولائی 2019 میں شرح سود 13.25 فیصد تھی جسے مرحلہ وار کم کرتے ہوئے جون 2020 میں 7 فیصد تک پہنچا دیا گیا تھا۔

ماہرین معاشیات کے مطابق اس اقدام سے سردست بچتوں میں اضافہ ہو گا اورمہنگائی کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملے گی تاہم صنعتوں کے لیے قرض پر شرح سود مزید بڑھ جائے گی ۔

دوسری جانب شرح سود میں اضافے سے ایسے افراد متاثر ہوں گے جو بینکوں سے قرض لے کر گاڑیاں، موٹر سائیکل اور الیکٹرونکس کی اشیاء خریدتے ہیں۔ ان کو اب پہلے سے بھی زیادہ سود ادا کرنا ہوگا۔
 

Advertisement