لاہور:(دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی انٹراسٹی بس سروس کے کرایوں میں 20 فی صد تک اضافہ متوقع ہے۔
انٹراسٹی بس سروس ایسوسی ایشن کے مطابق پٹرول، ڈیزل، ٹائرز، آئل اور دیگر سازوسامان کی درآمدی ڈیوٹی بڑھنے کے باعث اخراجات بڑھ چکے ہیں جس کی وجہ سے کرائے بڑھانے پر مجبور ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق کرائے بڑھنے کے بعد کراچی سے پنڈی کا کرایہ 38 سو سے 4 ہزار روپے، کراچی سے مانسہرہ کا کرایہ 5 ہزار روپے، کراچی سے سکھر کا کرایہ 1 ہزار سے بڑھ کر 14 سو روپے ہوجانے کی امید ہے۔
انٹراسٹی بس سروس ایسوسی ایشن کے مطابق کرائے بڑھانے کا حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے اپنے ممبران کو خوردنی تیل کے ٹرکوں کے کرائے 22 اعشاریہ 50 فی صد بڑھا کر ادا کرنے کا کہا ہے۔