اسلام آباد:(دنیا نیوز) رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمد میں 22.31 فیصد اضافہ ہوا، پام آئل کی درآمد 56.1 فیصد اضافے سے597 ارب23 کروڑ روپے رہیں، چائے کی درآمد میں 18.24 فیصد اضافے سے 101 ارب 73 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا مئی سالانہ بنیاد پر پام آئل کی درآمد 56.1 فیصد اضافے سے597 ارب 23 کروڑ روپے رہیں، گزشتہ سال اسی عرصے میں پام آئل کی درآمد کا حجم 382 ارب 60 کروڑ روپے تھا، چائے کی درآمدات 18.24 فیصد اضافے سے 101 ارب 73 کروڑ روپے رہیں جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 86 ارب روپے تھی۔
چینی کی درآمد 55.21 فیصد اضافے سے 32 ارب 31 کروڑ 70 لاکھ روپے رہی جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 20 ارب 82 کروڑ 20 لاکھ روپے تھی۔
جولائی تا مئی 138 ارب 51 کروڑ 10لاکھ روپے کی گندم درآمد کی گئی، دالوں کی درآمد 98 ارب 24 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ خشک میوہ جات کی امپورٹ 10 ارب 86 کروڑ 50 لاکھ روپے رہی، جولائی سے مئی کے دوران 26 ارب 47 کروڑ 30 لاکھ روپے کا شیر خوار بچوں کا دودھ درآمد کیا گیا، یوں صرف ان اشیاء کی درآمد پر 11 ماہ میں 7 ارب 20 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے۔