اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں وزرا کی عدم موجودگی پر اپوزیشن کے ساتھ حکومتی اتحادی بھی میدان میں آ گئے، پیپلز پارٹی کے رضا ربانی نے احتجاجا بجٹ تقریر چھوڑ دی۔
سینیٹ اجلاس کی صدارت چئیرمین صادق سنجرانی نے کی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایوان میں دعوی کیا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ تمام پاکستانیو کو مبارک ہو پاکستان ایف ے اٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیاگیا ہے۔
چئیرمین نے بجٹ پر بحث کی بات کی تو اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم کھڑے ہو گئے اور کہا کہ ایوان میں کوئی وزیر نہیں ۔ کیا دیواروں سے باتیں کریں۔بجٹ پر بحث ہو رہی ہے اور بھاری بھرکم کابینہ میں سے وزیر نہیں آرہے۔
وزرا کی عدم موجودگی پر حکومتی اتحادی بھی بول پڑے اور کہا کہ بھاری کابینہ میں سے ایک وزیر بھی موجود نہیں۔
رضا ربانی نے چئیرمین سینیٹ سےکہا کہ آپ اپنا اثرورسوخ استعمال کریں اور وزیر اعظم سے بات کریں ۔ وزیر ایوان میں موجود نہیں میں آج احتجاجا بات نہیں کروں گا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی میں واپس آنے کو تیار ہیں اگر یہ لوگ بیرون ملک اثاثے بیچیں اور پیسہ واپس پاکستان لے ائیں۔ سینیٹ کا اجلاس پیر کی سہ پہر چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔