خیبرپختونخوا میں لمپی سکن سے تاحال 158 جانور ہلاک ہو چکے، شہری تشویش کا شکار

Published On 30 June,2022 03:23 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں جانوروں کی بیماری لمپی سکن سے اب تک 158 جانور ہلاک ہو چکے ہیں، صوبے میں متاثرہ جانوروں کی تعداد 7 ہزار 192 تک پہنچ گئی، شہری بھی تشویش میں مبتلا ہو گئے، ماہرین کہتے ہیں وائرس انسانوں کے لیے خطرناک نہیں۔

پشاور میں عید الاضحیٰ کے لیے مویشی منڈیاں تو سج گئیں لیکن لمپی سکن وائرس بھی تیزی کے ساتھ پھیلنے لگا، صوبے میں 25 اضلاع میں مویشی متاثر ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ ضلع بنوں میں 20 جانور ہلاک ہوئے ہیں، بیماری سے بنوں میں سب سے زیادہ 20، ڈی آئی خان اور لکی مروت میں 18،18 اور چارسدہ میں 17جانور ہلاک ہوئے، مویشی منڈیوں میں آنے والے افراد بھی بیماری سے متعلق پریشان ہیں۔

صوبے میں لمپی سکن وائرس سے متاثرہ جانوروں کی تعداد 7 ہزار 192 تک پہنچ گئی ہے۔ شمالی وزیرستان اور بنوں کے اضلاع لمپی سکن بیماری سے زیادہ متاثرہیں۔

محکمہ لائیو سٹاک ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں سپرے سمیت متاثرہ مویشیوں کےلیے اقدامات اٹھائے جائے رہے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک کے مطابق اب تک بنوں میں 958، پشاور 750 اور شمالی وزیرستان میں 761 جانور لمپی سکن بیماری سے متاثر ہوئے ہیں، صوبے میں ایک لاکھ 15 ہزار سے زیادہ جانور کی ویکسنیشن کی گئی ہے،صوبہ بھر میں 58 مقامات پر پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔
 

Advertisement