انتظامیہ کی عدم دلچسپی سے سرکاری سستا سکیم کا آٹا مارکیٹ سے غائب

Published On 18 September,2022 12:54 pm

لاہور:(دنیا نیوز) مہنگی گندم اورانتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث آٹا سستا ہوا نہ ہی اس کی فراہمی بہتر ہوسکی، لاہورمیں چکی آٹا 116 روپے کلوفروخت ہو رہا، سستا سکیم کے تحت آٹا دستیاب ہی نہیں، دیگربرانڈ من مانی قیمت پر فروخت ہونے لگے۔

شہر لاہور میں آٹا دستیابی اور قیمت میں غیر یقینی صورتحال برقرار، سرکاری سستا سکیم کا آٹا مارکیٹ سے غائب ہوگیا، 10 کلو آٹے کے تھیلے کے نرخ 490 روپے اور 20 کلو تھیلے کے نرخ 980 روپے مقرر ہیں، آٹے کی دستیابی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ کھلا اور چکی آٹا مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔

فلورملز کی جانب سے سستا سکیم کے تحت آٹے کے تھیلوں کی فراہمی انتہائی کم کر دی گئی ہے، فلور ملز کا زیادہ تر آٹا 15 کلو پیکنگ میں دستیاب ہے، 15 کلو آٹے کا تھیلا گزشتہ ایک ہفتے میں بتدریج مہنگا ہو رہا ہے، 15 کلوآٹا کا تھیلا کم از کم 1450 سے 1500روپے تک دستیاب ہے۔

چکی آٹا کی 116 روپے فی کلو فروخت جاری ہے، کھلا سرخ آٹا 75 روپے کلو بیچا جا رہا، سفید فائن کھلا آٹا 95 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا، مارکیٹ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخ میں تیزی سے آٹا مہنگا ہو رہا ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم ساڑھے 3 ہزار روپے فی من تک پہنچ چکی ہے جس سے آٹا نرخ میں بھی تیزی ہے۔

 

Advertisement