اسلام آباد: (دنیا نیوز) آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ پاکستان سے ہمیں اعلی معیار کا چاول مل سکتا ہے تو ہم کسی اور جگہ سے کیوں خریدیں؟۔
وسطی راہداری، جیوپالیٹکس، سکیورٹی اینڈانوائرنمنٹ“ کے موضوع پر منعقدہ عالمی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ پاکستانی چاول کی درآمد پر 5 سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کا فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ ملاقاتوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوادر بندرگارہ خطے کو جوڑنے کا بہت بڑا موقع فراہم کرتی ہے۔ خطے کو باہم ملانے سے تجارت کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔تمام ممالک کو مل کر مخلصانہ تعاون کی بنیاد رکھنا ہوگی، ایران بھی اس حق میں ہے۔
صدر آذربائیجان نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران میری دوبار وزیراعظم پاکستان شہبازشریف سے بہت ثمرآورملاقاتیں ہوئی ہے۔ پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ اس نے ہماری مسلسل حمایت کی ہے۔ جنگ کے دوران پاکستان نے ہمارا مسلسل ساتھ دیا۔
آخر میں ان کا کہنا تھا کہ آزربائیجان کے عوام پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اس سیاسی واخلاقی حمایت کی بے پناہ قدر کرتے ہیں۔
دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانی چاول پر 5 سال کیلئے ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔