استنبول: ( دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک صدر طیب اردوان ایک دور اندیش رہنما ہیں، ان کی قیادت میں ترکیہ جدید فلاحی ریاست بن چکا ہے،روس اور یوکرین کے درمیان گندم برآمد معاہدے میں ترکیہ کا اہم کردار ہے۔ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان بحری جہاز بنانے کے منصوبے کا مقصد جارحیت نہیں، بلکہ اپنے دفاع کو مضبوط بنانا ہے، ترکیہ میں بننے والے بحری جہاز کا مقصد جارحیت نہیں ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ استنبول شپ یارڈ میں پی این ایس خیبر لانچنگ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین بھی موجود تھے۔ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، شپ یارڈ آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے گھر ترکیہ کا دوبارہ دورہ کرنے پر خوش ہوں، آج کا دن دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات میں عظیم دن ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان ایک دور اندیشن رہنما ہیں، ان کی قیادت میں ترکیہ جدید فلاحی ریاست بن چکا ہے، ترکیہ کے دور دراز علاقوں کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہیں۔ آپ امن سے رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو جنگ کیلئے بھی تیار رہنا ہو گا، آج دنیا کو متعدد تنازعات کا سامنا ہے، روس اور یوکرین کے درمیان گندم برآمد معاہدے میں ترکیہ کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی توانائی کی قلت کا سامنا ہے، پاکستان قابل تجدید توانائی اور توانائی کے سستے ذرائع کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ پاکستان اور ترکیہ کو قابل تجدید توانائی ذرائع کے حصول کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے، دونوں ممالک آلودگی میں کمی کیلئے بھی مل کر کام کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو گذشتہ دنوں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، ترکیہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، ترکیہ سے 15 طیارے امدادی سامان لے کر پہنچے، ماضی میں بھی ہر مشکل گھڑی میں ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی، پاکستان اور ترکیہ مل کر ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے ترکی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی دفاعی پیداواری صلاحیتوں میں مزید تعاون کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ دنیا میں امن بحال ہو۔ دنیا کو زبردست کشیدگی کا سامنا ہے اور روس یوکرین تنازعے نے عالمی معاشروں کے لیے کئی مسائل پیدا کر دیے ہیں۔
وزیراعظم نے جہاز کی تیاری میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاک۔ترکیہ ماہرین ملجم منصوبہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ دفاعی تعاون باہمی تعلقات کا اہم ستون ہے، پاکستان اور ترکیہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے متحد ہیں، دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین نے کہا کہ پی این ایس خیبر کی لانچنگ تقریب خوش آئند ہے، پاک۔ترکیہ تعاون سے دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ، پی این ایس خیبر سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ڈھانچہ کے مضبوط ہونے سے پاک۔ترکیہ تجارتی تعلقات کو بھی مزید فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی سمیت تمام درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ترکیہ نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں، تیسرے پی این ایس خیبر کی لانچنگ سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہو گا، بحری دفاع پر معاونت پر ترکیہ کی قیادت کے شکرگزار ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی ملجم منصوبہ پاکستان-ترکیہ سٹرٹیجک پارٹنرشپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سے قبل پاک بحریہ کے لئے پہلے کارویٹ پی این ایس بابر کی لانچنگ تقریب اگست2021ء میں استنبول میں منعقد ہوئی جبکہ دوسرے جہاز پی این ایس بدر کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا۔
دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ترکیہ متحد ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ترکیہ متحد ہیں، عالمی سطح پر قیمتوں میں بے پناہ اضافہ سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، صدر رجب طیب اردوان کی پرجوش میزبانی پر انتہائی مشکور ہوں، پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ ہر مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو جانی و مالی نقصان پہنچا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ترکیہ متحد ہیں، ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا، قیمتوں میں اضافہ سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، پاکستان چین کے ساتھ مل کر سی پیک منصوبے آگے بڑھا رہا ہے، سی پیک کی تکمیل سے خطہ کی ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا، ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان ترکیہ یک جان دو قالب اور مثالی برادر ملک ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے مشترکہ طور پر پی این ایس خیبر کی لانچنگ کی، ہم نے پاکستان کے ساتھ مل کر بہت سے منصوبے مکمل کئے، دونوں ملکوں کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور اقدامات کئے، ہم نے پاکستانی سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی، دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، دونوں ممالک عالمی فورمز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔