بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا کو درخواست موصول

Published On 17 December,2022 12:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا کو درخواست موصول ہو گئی، اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں سے متعلق درخواست نیپرا میں جمع کروا دی، قیمتوں میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی ہے، اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کی گئی۔

سی سی پی اے کی درخواست کے مطابق گزشتہ ماہ 8 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی، پیدا شدہ بجلی پر 50 ارب روپے لاگت آئی، فرنس آئل سے 24 روپے 18 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، ایل این جی سے پیداواری لاگت 20 روپے 28 پیسے رہی۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ 21 روپے 17 پیسے فی یونٹ میں بجلی ایران سے در آمد ہوئی، کوئلے سے 12 روپے 83 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ 19 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نذر ہو گئی۔ نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 27 دسمبر کو سماعت کرے گا۔