لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے نان روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کے لیے درخواست دی تھی، تندور مالکان نان کی قیمت 35 روپے اور روٹی کی قیمت 25 روپے مقرر کرنا چاہتے تھے۔
تندور مالکان کا کہنا تھا کہ آٹے کا 15 کلو والا تھیلا 1900 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ فائن آٹے کی بوری کا ریٹ 10 ہزار 800 روپے ہو گیا ہے۔
تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ آٹا مہنگا ہونے سے نان اور روٹی موجودہ قیمت پر فروخت نہیں کر سکتے لہذا قیمت بڑھانے کی اجازت دی جائے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور کی انتظامیہ نے تندور مالکان کو نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمت میں اضافے کی اجازت نہ دینے پر نان بائی ایسوسی ایشن نے اجلاس بلا لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے نان بائی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔