برائلر گوشت عوام کی پہنچ سے دور، سبزیوں کے دام بھی بے لگام

Published On 02 January,2023 01:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) روز بروز بڑھتی مہنگائی نے عوام کو جھنجلا کر رکھ دیا، برائلر گوشت کھانا عوام کے لئے خواب بننے لگا، ٹماٹر اور پیاز کے دام بھی آؤٹ آف کنٹرول ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق برائلر23 روپے مہنگا کر کے 519 روپے کلو کر دیا گیا، زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 334 جبکہ پرچون ریٹ 346 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ انڈوں کی قیمت 274 روپے درجن پر برقرار ہے۔

نئی قیمتوں کے مطابق پیاز کی سرکاری قیمت 214 روپے کلو مقرر کر دی گئی جبکہ مارکیٹ میں پیاز کی فروخت 260 روپے کلو تک پہنچ گئی، ٹماٹر کی سرکاری قیمت 5 روپے اضافے کے بعد 70 روپے کلو جبکہ درجہ اول ٹماٹرکی فروخت 100 روپے فی کلو تک جاری ہے، لہسن چائنہ کی سرکاری قیمت 300 جبکہ مارکیٹ میں 430 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

ادرک سرکاری قیمت سے 100 روپے فی کلو سے زائد میں فروخت کیا جا رہا ہے، ادرک کی سرکاری قیمت 360 جبکہ فروخت 460 روپے فی کلو میں ہو رہی ہے، لیموں 65 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، آلو 34 روپے فی کلو سرکاری قیمت کے بجائے60 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ہے۔

اسی طرح سبز مرچ کی سرکاری قیمت 125 روپے کلو کر دی گئی جبکہ مارکیٹ میں سبزمرچ 160 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، بینگن سرکاری قیمت 68 روپے جبکہ مارکیٹ میں فروخت 100 روپے کلو تک کئے جا رہے ہیں۔

میتھی کی سرکاری قیمت 68 روپے کلو مقرر کی گئی ہے لیکن مارکیٹ میں میتھی 100 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، کریلے 120 جبکہ مارکیٹ میں 160 روپے فی کلو تک بیچے جا رہے ہیں۔

گاجر چائنہ 78 روپے فی کلو کے بجائے 120 روپے، شملہ مرچ 74 روپے کے بجائے 100 روپے، پھول گوبھی سرکاری قیمت 42 روپے کے بجائے 60 روپے ، شلجم سرکاری قیمت 25 روپے جبکہ فروخت 40 روپے فی کلو، مٹر سرکار ریٹ 74 روپے کے بجائے فروخت 100 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگے۔

دوسری جانب پھل بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئے ہیں، سیب 350 روپے کلو، ایرانی کھجور 410 روپے درجن، انار بادانہ 700 روپے جبکہ پپیتا 270 روپے کلو اور امرود 100 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگے ہیں۔

اسی طرح کیلا درجہ اول 140 روپے جبکہ درجہ دوم 100 روپے فی درجن، مسمی سرکاری قیمت 130 روپے جبکہ مارکیٹ میں 250 روپے فی درجن، کینو سرکاری قیمت120 روپے درجن جبکہ مارکیٹ میں فروخت 240 روپے فی درجن میں فروخت کئے جا رہے ہیں۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو صرف اپنی کرسیوں کی پڑی ہے، مہنگائی کی طرف بالکل بھی توجہ نہیں ہے، برائلر خریدنا مشکل سے مشکل تر ہوگیا ہے۔