لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں آٹے کے بحران اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجوہات سامنے آگئیں۔
ذرائع محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق آٹے کے بحران بارے منفی خبریں فلور ملز ایسوسی ایشن کی مبینہ منصوبہ بندی ہے، آٹے کی طلب میں اضافے کے باعث خیبرپختونخوا سے بڑا منافع کمانے کیلئے منصوبہ بندی سے منفی مہم چلائی جاتی ہے۔
محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ فلور ملز بڑی مقدارمیں آٹا خیبرپختونخوا میں فروخت کے لئے بھیجتی ہیں، ایسوسی ایشنز قلت کی خبریں پھیلا کر ہیجان پیدا کرتی ہیں، ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کے لیے ہرسال 15 دسمبر سے 15 جنوری تک فلور مالکان منظم کمپین چلاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فلورملز ایسوسی ایشن حکومت کو بلیک میل کرکے گندم کا کوٹہ بڑھاتی ہے، پنجاب میں گندم کی قلت کی خبریں اسی مہم کا حصہ ہیں۔