امیر طبقے کیلئے بجلی پر سبسڈی نہیں دی جائے گی، وزیر مملکت برائے خزانہ

Published On 01 February,2023 02:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر امیر طبقے کیلئے بجلی کی سبسڈی ختم کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، امیر طبقے کیلئے اب بجلی پر سبسڈی نہیں دی جائے گی۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ بجلی کی پیداوار مہنگی جبکہ بجلی سستی فراہم کرنا ملک برداشت نہیں کر سکتا، گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے سب کو سبسڈی نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملک کی ترقی اور غریب آدمی کیلئے سوچنا ہے، توانائی شعبے میں سبسڈی صرف غریب آدمی کیلئے ہو گی، توانائی شعبے میں اصلاحات کیلئے کوشش کر رہے ہیں، توانائی شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے پلان آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف وفد سے شرائط پر نرمی کیلئے بات کی، آئی ایم ایف کے میڈیم ٹرم فریم ورک پر بھی بات ہو گی، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں اچھے نتائج کی امید نظر آ رہی ہے۔